چین ۔جنوبی کوریا سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے صدور کے درمیان تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

2022/08/24 19:38:17
شیئر:
24اگست کو چینی صدر شی جن پھنگ اور اُن کے جنوبی کوریائی ہم منصب یون سیوک یول کے درمیان چین ۔جنوبی کوریا سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا گیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ 30 برسوں کے دوران دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے چین ۔جنوبی کوریا تعلقات نے ہمہ جہت ترقی کی ہے اور نتیجہ خیز  ثمرات برآمد ہوئے ہیں۔اس سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے فوائد کے حصول سمیت عالمی و علاقائی امن اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔
شی جن پھنگ نے زور دے کر کہا کہ اس وقت دنیا وبا اور دیگر مسائل کے سبب ہنگامہ خیزی اور تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہو چکی ہے ۔اس نازک لمحے میں چین اور جنوبی کوریاسمیت عالمی برادری یکجہتی، اتحاد اور تعاون کے ذریعے ہی بحران اور مشکلات پر قابو پا سکتی ہے۔ چین اور جنوبی کوریاکو اچھے پڑوسی، اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہونا چاہیے۔صدر شی نے مزید کہا کہ وہ فریقین کے تعلقات کی ترقی کو نمایاں اہمیت دیتے ہیں اور صدر یون کے ساتھ مل کر ایک نئے نقطہ آغاز سے دوطرفہ تعلقات کے عمومی رجحان کو برقرار رکھنے، بیرونی مداخلت کے خاتمے، دوستی کی مضبوطی اور تعاون پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں، تاکہ دونوں ممالک اور دونوں عوام کے بہترین مفاد میں دوطرفہ تعلقات کا بہتر مستقبل تشکیل دیا جا سکے ۔
یون سیوک یول نے گزشتہ تیس برسوں میں فریقین کے درمیان سیاست، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون اور ترقی کو بھرپور سراہا۔ اسی دن وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے بھی جنوبی کوریا کے وزیر اعظم ہان ڈیوک سو کے ساتھ  تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔