امریکہ میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ

2022/09/12 16:17:47
شیئر:

کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور فائر پروٹیکشن نے 11 تاریخ کو کہا کہ حالیہ دنوں جنگل کی آگ وسطی کیلیفورنیا کے پہاڑوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ شمالی اور وسطی کیلیفورنیا کے کئی مقامات کو جنگل کی آگ سے خطرہ ہے اور بڑی تعداد میں رہائشیوں کو نقل مکانی کا حکم دیا گیا ہے۔

ادارے نے کہا کہ جنگل کی آگ سان فرانسسکو کے شمال مشرق میں سیرا نیواڈا کے علاقے میں بھڑکی اور صرف چند دنوں میں، آگ کا رقبہ 160 مربع کلومیٹر سے تجاوز کر گیا ،  فی الحال صرف 10 فیصد آگ پر قابو پایا جا سکا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایل ڈو راڈو اور پلیسر کاؤنٹیز میں 5,800 سے زائد عمارتوں کو جنگل کی آگ سے خطرہ لاحق ہے اور تقریباً 11,000 رہائشیوں کو نقل مکانی کا حکم دیا گیا ہے۔

جنگل کی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے شمالی سیرا نیواڈا کا بیشتر حصہ اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کیلیفورنیا کے صحت کے حکام متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ممکنہ حد تک گھروں کے اندر  ہی قیام کریں۔

آگ لگنے کی وجوہات سے متعلق تاحال تحقیقات جاری ہیں۔ماہرین کے نزدیک گزشتہ 30 سالوں کے دوران، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بلند درجہ حرارت، مزید خشک سالی اور مغربی امریکہ میں شدید موسم بار بار  تباہ کن جنگلات کی آگ کے اسباب ہیں ۔