امریکہ کو اپنی جوہری پالیسی پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے،چینی وزارت خارجہ

2022/11/30 17:49:34
شیئر:

انتیس نومبر کو امریکی محکمہ دفاع نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ چین اپنی جوہری قوت میں اضافہ کر رہا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے تیس تاریخ کومنعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ نے حالیہ برسوں میں "چین ایک خطرہ" کے نظریے کے مختلف ورژنز کو بار بار بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے اور اس کا مقصد صرف اپنے جوہری ہتھیاروں کو بڑھانے اور فوجی بالادستی کو برقرار رکھنے کے بہانے تلاش کرنا ہے۔ چین کی جوہری پالیسی مستقل اور واضح ہے اور چین دفاعی جوہری حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،اپنی جوہری افواج کی ترقی میں بہت محتاط ہے اور کبھی بھی کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی دوڑ میں حصہ نہیں لیتا ہے۔

ترجمان نے نشاندہی کی کہ سب سے بڑے جوہری ہتھیار رکھنے والے ملک کی حیثیت سے امریکہ نے حالیہ برسوں میں اپنی جوہری قوتوں کو اپ گریڈ کرنا اور اپنی قومی سلامتی کی پالیسی میں جوہری ہتھیاروں کے کردار کو مضبوط بنانا جاری رکھا ہے۔امریکہ کو چاہیے کہ وہ اپنی جوہری پالیسی پر سنجیدگی سے غور و فکرکرے ، سرد جنگ کی ذہنیت اور تسلط پسندانہ منطق کو ترک کرے، عالمی سٹریٹیجک استحکام کو کمزور کرنا بند کرے، اپنے جوہری ہتھیاروں کو مزید کم کرے اور جوہری اسلحے کی مکمل تخفیف کے حتمی ادراک کے لیے سازگار حالات بنائے ۔