چینی حکومت نے حال ہی میں دریائے یانگسی کے ڈیلٹا علاقے میں جامع ترقی سے متعلق منصوبے کا خاکہ جاری کیا۔ یہ خاکہ ایک مکمل دستاویز ہے جو آئندہ 5 سے 15 سالوں میں دریائے یانگسی کے ڈیلٹا خطے کی جامع ترقی سے متعلق رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ قابل توجہ بات یہ ہے کہ اس منصوبے میں خطے میں بیرونی معاشی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے نئی سمتوں اور نئے اقدامات کی ایک سیریز کو واضح طور پر مرتب کیا گیا ہے ، جس سے چین کے کھلے پن کے عمل کو فروغ دینے کا ایک اہم اشارہ ملتا ہے۔
دریائے یانگسی کا ڈیلٹا علاقہ چین کے سب سے ترقی یافتہ علاقوں میں سے ایک ہے ۔یہ چین کی اصلاحات اور کھلے پن کے عمل میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ علاقے کا رقبہ ملک کے کل رقبے کا صرف چار فیصد ہے تاہم چین کی معیشت کا تقریبًاً ایک چوتھائی انحصار اسی علاقے پر ہے۔چین کے فیصلہ سازوں کی جانب سے دریائےیانگسی ڈیلٹا کے اس درمیانے اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبے کی گہری اسٹریٹجک اہمیت ہے ۔یقیناً دریائے یانگسی کا ڈیلٹا خطہ نئے دور میں چین کے کھلے پن کے عمل کے لیے ایک اہم تجربہ گاہ بن جائے گا، چین میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے معیار کو اپ گریڈ کرنے میں رہنما کردار ادا کریگا اور یہ چین کے لئے اولین درجے کا کاروباری ماحول پیدا کرنے کا نمونہ بن جائے گا۔