چینی صدر کی اپنے روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک بات چیت
چینی صدر شی جن پھنگ نے چھبیس تاریخ کو روسی صدر پوٹن سے ٹیلی فونک بات چیت کی۔جناب پوٹن نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد اور جناب شی جن پھنگ کے دو بارہ سی پی سی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔جناب پوٹن نے کہا کہ سی پی سی کی انیسویں قومی کانگریس نے نئے عہد میں شی جن پھنگ کے چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ نظریے کو بڑی اہمیت دی ہے۔اس قومی کانگریس کے ثمرات سے چینی عوام کی جانب سے صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چینی کمیونسٹ پارٹی پر اعتماد اور حمایت کی عکاسی ہوئی ہے۔ جناب شی جنگ پھنگ چینی کمیونسٹ پارٹی اور عوام میں اعلی وقار کی حامل شخصیت ہیں۔میری مخلصانہ خواہش ہے کہ شی جن پھنگ کی قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت چینی کمیونسٹ پارٹی مسلسل نئی کامیابیاں حاصل کر سکے ۔پوٹن نے مزید کہا کہ روس اور چین کے تعلقات موجودہ دور میں بڑے ممالک کے درمیان امن و ہم آہنگی سے رہنے کی ایک مثال ہے ۔میں صدر شی جن پھنگ سے قریبی روابطہ برقرار رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ اور عالمی اور علاقائِی امور پر تبادلے کے لئے تیار ہوں۔
جناب شی جن پھنگ نے زور دیا کہ دنیا کی ترقی کے بغیر چین کی ترقی نہیں ہو سکتی ہے۔روس چین کا ایک جامع تزویراتی شراکت دار ہے۔بین الاقوامی صورتحال میں کسی قسم کی بھی تبدیلیاں آئیں، چین۔ روس تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے چین کا عزم تبدیل نہیں ہو گا۔چین ،روس کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے ، زیادہ حقیقی ثمرات اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے مفادات کے حصول کا خواہاں ہے۔