سی پیک خطے میں نئے منصوبے لانے میں معاون ثابت ہوگا ،چینی سفیر یائو جنگ

2018-11-15 18:44:57
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام  آباد (آئی این پی ) پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے میں سرمایہ کاری،جدید ٹیکنالوجی اورنئے منصوبے لانے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے اسلا م آباد میں پاکستانی فوج کے ریٹائرڈ افسران کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران تمام چینی اقدامات خصوصا اقتصادی راہداری کے استحکام کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے اختتام پر چین کی حکومت کی جانب سے جاری کیاگیا مشترکہ اعلامیہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اس دورے سے دنیاکو چین پاکستان غیرمتزلزل تعلقات کامضبوط پیغام ملاہے۔چین کے سفیر نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین مجموعی تعلقات کابنیادی جزوہے اور پاکستان میں کسی بھی سیاسی قیادت کے آنے سے پاک چین دوستانہ تعلقات پر فرق نہیں پڑے گا۔یائوجنگ نے کہاکہ چین کے ساتھ دوطرفہ سٹریٹجک اور فوجی تعلقات کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت کااہم کردارہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی مسلح افواج نے خطے اوردنیابھرمیں قیام امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گرانقدرقربانیاں دی ہیں۔

شیئر

Related stories