پاکستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر مسعود خالد کی چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے الوداعی ملاقات
چین میں پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے والےجناب مسعود خالد نے بیجنگ میں چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ ای سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر جناب مسعود خالد نے کہا کہ چین جیسے دوست ملک میں بطور سفیر خدمات سرانجام دینا میرا لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست اور اچھا پڑوسی ملک ہے جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ اس موقع پر جناب مسعود خالد نے چینی حکومت اور چینی عوام کی جانب سے ملنے والے رہنمائی اور محبت کا شکریہ ادا کیا۔ مسعود خالد نے پاک چین تعلقات میں بڑھتے ہوئے تعاون پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں چین پاک اقتصادی راہدری پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت پر بھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جناب وانگ ای نے سفیر پاکستان کے طور پر چین پاک تعلقات کے فروغ میں مسعود خالد کے کردار کو سراہا۔ جناب وانگ ای نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کے دوستانہ تعلقات اور شراکت داری موجود ہے۔ دنیا میں کیسی ہی تبدیلیاں کیوں نہ آئی ہوں چین پاکستان تعلقات تمام آزمائشوں پر پورے اترے ہیں۔ ان تعلقات کی بنیاد مضبوطی پر استوار ہے. انہوں نے کہا کہ ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا چین پاک تعلقات کا فروغ خطے کے امن و استحکام کے لئے بہت ضروری ہے۔