پاکستانی جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی سے نائب صدر وانگ چھی شان کی ملاقات
چین کے نائب صدر مملکت وانگ چھی شان نے تیس تاریخ کو بیجنگ میں پاکستانی مسلح افواج کےچیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی زبیر محمود حیات سے ملاقات کی ۔
جناب وانگ چھی شان نے کہا کہ پاکستان چین کا واحد چار موسموں کا اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ چین اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے پر اعتماد کیا ہے اور ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ اس وقت چین پاکستان تعلقات کی ترقی مضبوط ہے۔ صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم عمران خان نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں اہم اتفاق رائے طے کیا ہے اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی کی سمت کا تعین کیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کے ابتدائی ثمر ات اور نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ فریقین کو چاہئے کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اتفاق رائے پر عملدرآمد کیا جائے ، اسٹریٹجک مواصلات اور تعاون کو مستحکم کیا جائے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو مضبوطی سے فروغ دیا جائے ، انسداد دہشت گردی اور سلامتی جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کیا جائے ۔
اس موقع پر جناب زبیر محمود حیات نے کہا کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے۔ پاکستان چین کی حاصل کردہ ترقیاتی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انسان کے ہم نصیب معاشرے کے حوالےسے چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے اور "دی بیلٹ اینڈ روڈ" کی مشترکہ تعمیر کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان چین پاک اقتصادی راہداری کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کرے گا۔