بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب
پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے چودہ اگست کو بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیرا ہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کی سفیر محترمہ نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے چائنا ریڈیو انٹرنیشنل سے خصوصی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں پاکستان کے قیام کی خوشیاں منانا بالکل ایسا ہے ہی جیسا ہم اپنے گھر میں یہ تقریب منا رہے ہوں۔ چین پاکستان کا درینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں غیر مشروط طور پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے شراکت دار ہیں۔ دنیا کے سیاسی افق پر کیسی ہی تبدیلیاں کیوں نہ آئیں چین اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ یکساں رہے ہیں۔
پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے۔ ہمیں اس نعمت کا احترام کرنا چاہیے۔ ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہمارے لئے ایک آزاد اور خودمختار وطن حاصل کیا ہے۔ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ اگر ہم آزادی کی اہمیت کا اندازہ لگانا چاہتے ہیں تو ہمیں کشمیریوں کو دیکھنا چاہیے جن پر بھارتی حکومت نے سخت مظالم کے ذریعے عرصہ حیات تنگ رکھا ہے۔ بھارت میں کشمیریوں پر سخت مظالم کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان دنیا میں جہاں جہاں موجود ہیں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی اہمیت کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے چین اور پاکستان میں مقیم ہم وطن کو جشن آزادی اور عید کی خصوصی مبارک باد پیش کی۔
تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی دستخطی مہم کا افتتاح کیا۔