بیجنگ میں پاک چین دوستی کے موضوع پر دستاویزی فلم " آئرن برادرز " کی نمائش
۵ ستمبر کو ڈیلی میل پاکستان اور پاک چائنا فرینڈ شپ فورم کے زیرِ اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی سترویں سالگرہ کے سلسلے میں بیجنگ کے ایک مقامی ہوٹل میں پاک چین دوستی اور تعاون کی تاریخ کے موضوع پر دستاویزی فلم " آئرن برادرز " کی نمائش کی گئی ۔اس تقریب کی مہمانِ خصوصی چین میں متعین پاکستانی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی تھیں۔
مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے ستر سال پورے ہونے کے اس موقع پر چین اور پاکستان کےدرمیان تعاون ، شراکت داری اور سب سے بڑھ کر ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اس دستاویزی فلم کی نمائش ایک عمدہ موقع ہے اور اس سلسلے میں ڈیلی میل کے ایڈیٹر ان چیف مخدوم بابر کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں ۔ پاک چین دوستی ناصرف غیر معمولی ہے اور اس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں بلکہ یہ ہماری سفارتی پالیسی کی اہم بنیاد ہے ۔علاقائی و عالمی حالات جیسے بھی ہوں بےلوث دوستی کا یہ رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹیو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اکیسویں صدی میں ترقی اور تبدیلی کا امتیازی نشان ہے اور پاکستان اس منصوبے کی حمایت کرنے والا اولین ملک ہے۔ سی پیک اور بی آر آئی ،معاشی تعاون کی ایک مثال ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے شاہراہِ ریشم، بی آر آئی اور سی پیک منصوبوں پر کام کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اورکہا کہ آج ہم دونوں ممالک دوستی ، تعاون ، ترقی کے جس مقام پر کھڑے ہیں اس کے لیے ہم ان عظیم جاں نثاروں کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے ترقی اور دوستی کے اس سفر میں صحافیوں کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی بے حد سراہا ۔
چینی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نمائندگان سمیت چینی جامعات میں شعبہ اردو سے وابستہ اساتذہ اور طلبہ نے اس تقریب میں شرکت کی اور پاک چین تعلقات کی تاریخ اور موجودہ دور میں ترقی کے سفر میں تعاون اور اس کے ثمرات سے متعلق بنائی گئی اس دستاویزی فلم کو بے حد پسند کیا ۔ تقریب کے اختتام پر ڈیلی میل اور پاک چائنا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی جانب سے پاک چین تعلقات کے فروغ میں غیر معمولی خدمات سر انجام دینے پر میڈیا سے متعلقہ ارکان میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں ۔