پاکستانی میڈیا کے سینئر ارکان کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کی 70 سالہ ترقیاتی کامیابیوں کی تعریف
یکم اکتوبر کی صبح ، عوامی جمہوریہ چین کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب بیجنگ کےتھیان ان من اسکوائر میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی پاکستانی میڈیا میں بھرپور کوریج کی گئی۔
پاکستان کے مشہور مبصر اور کالم نویس، یاسر حبیب خان نے عوامی جموریہ چین کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب میں چینی صدر شی جن پھنگ کی تقریر کو انتہائی اہم قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے اپنی تقریر میں دنیا کو جو سب سے اہم اشارہ دیا وہ یہ ہے کہ چین ایک امن پسند ملک ہے۔ چین پرامن ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔چین باہمی فائدے اور باہمی شراکت کی بنیاد پر ترقی کاخواہاں ہے۔
پاکستان کے بول نیوز نیٹ ورک کے سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ نگار اسامہ غازی نے کہا کہ چین نے گزشتہ 70 سالوں کے دوران خصوصاً غربت کے خاتمے کے شعبے میں بہت ساری کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ چین میں 700 ملین غریب افراد کو غربت سے نجات ملی۔ یہ وہ شعبہ ہے جس کے حوالے سےپاکستانی وزیر اعظم عمران خان بار بار یہ ذکر کر چکے ہیں کہ وہ چین سے سیکھنا چاہتے ہیں۔ صدر شی جن پھنگ کا ترقیاتی وژن نہ صرف چین کی ترقی کے لئے ، بلکہ پورے خطے کی ترقی کے لئے بھی اہم ہے۔ "چین پاکستان اقتصادی راہداری" پاکستان کی ترقی کو چین کی ترقی سے جوڑتی ہے ، جو پاکستان کے لئے ایک بہت اہم اقدام ہے۔
پاکستان کے بول نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین سمیع ابراہیم نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70 ویں سالگرہ پر پرتپاک مبارکباد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے چودہ سو سال پہلے ارشاد فرمایا: "علم حاصل کرو خواہ تمہیں چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔" تب سے ، چین عالمی تہذیب کے مراکز میں سے ایک ہے۔ جب وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں تقریر کی تو انہوں نے ذکر کیا کہ چین واحد ملک ہے جس سے پاکستان کو سیکھنا چاہیے، خاص طور پر اس کے انسداد بدعنوانی کے تجربے سےفائدہ اٹھانا چاہیے۔