بیجنگ کی باغبانی ایکسپو چین کے ماحول دوست معیشت کے وژن کی عکاسی کرتی ہے : پاکستانی دانشور
پاکستانی دانشوروں کی رائے میں بیجنگ بین الاقوامی باغبانی ایکسپو ۲۰۱۹ چین کے سبز اور پائیدار ترقی کے وژن اور عالمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اس کے اٹل عزم کی عکاس ہے۔
پانچ سو تین ہیکٹر رقبے پر پھیلی ہوئی یہ ایکسپو جس کا موضوع ہے "سبز جیو، بہتر جیو"، دنیا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ایکسپو ہے۔جو بیجنگ کےضلع یئن چھینگ میں عوام کے لیے انتیس اپریل کو کھولی گئی اور سات اکتوبر تک جاری رہی۔
سی پیک سنٹر آف ایکسی لینس کے ڈائریکٹر میڈیا اور اشاعت یاسر مسعود کا کہنا ہےکہ چین نے جس طرح سے اس نمائش کے ذریعے گرین معیشت کا معاملہ اٹھایا ہے وہ صحیح سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کی ٹیکنالوجی کے ذریعے چین نے بہت کچھ حاصل کیا ہے اور باقی دنیا کے لیے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ یاسر مسعود کی رائے کے مطابق اس ایکسپو کے ذریعے مشرق سے باغبانی کا فلسفہ اور ثقافت بہتر طریقے سے پوری دنیا میں پھیل سکتی ہے۔