چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ کی پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سےملاقات
آٹھ اکتوبر کوچین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نےچین کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے کہا کہ چین، پاکستانی وزیر اعظم کے اس دورے کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔چین اور پاکستان چاروں موسموں کے اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔دونوں کے بیچ غیر مشروط تعاون ہے اور اس کا مقصد کسی تیسرے فریق کو نشانہ بنانا نہیں ہے۔چین ہمیشہ سے اپنےسفارتی تعلقات میں، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔ہم پاکستان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو نئی بلندی تک پہنچانے پر تیار ہیں۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاک تعاون نا صرف دونوں ممالک کے مفادات،بلکہ علاقائی استحکام سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔چین کو بے حدخوشی ہے کہ پاکستان مشکل اقتصادی دور سے نکل آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، چین ترقیاتی حکمتِ عملی کو ،پاکستان کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے سی پیک کو بھرپور فروغ دینا چاہتا ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی توازن کے لیے اقدامات کرے گا ۔
عمران خان نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی سترویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چین کی حمایت سے پاکستانی معیشت مستحکم اور بحال ہو رہی ہے۔پاکستان چین کے ساتھ دی بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینا چاہتا ہے اور سی پیک منصوبوں کو تیزی سےآگے بڑھانے پر تیار ہے۔
بات چیت کے بعد دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کی دس سے زائد دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
ملاقات سے قبل چینی وزیر اعظم نے پاکستانی وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام بھی کیا۔
وزیر اعظم عمران خان آٹھ سے نو اکتوبر تک چین کے ورکنگ دورے اور عالمی باغبانی ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے چین آئے ہوئے ہیں۔