چین کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستانی اقدامات کی حمایت
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے اکیس تاریخ کو کہا کہ پاکستان نے ملک میں مالیاتی نظام کی بہتری سے انسداد دہشت گردی کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ اس حوالے سے چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بیس فروری کو اختتام پزیر ہونے والے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے کل رکنی اجلاس میں اکثریتی اراکین نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی توثیق کی ہے اور پاکستان کے جاری لائحہ عمل کی حمایت سے پاکستان کو مزید وقت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا مقصد منی لانڈرنگ کا سدباب اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مالیاتی نظام میں بہتری سے مختلف ممالک کو حمایت فراہم کرنا ہے۔ تاکہ عالمی مالیاتی نظام کی سلامتی کا تحفظ کیا جا سکے۔ چین اس حوالے سے پاکستان کو مزید معاونت کی فراہمی کے لیے متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادہ ہے۔