انسداد وبا کے لیے چینی طبی ماہرین پر مشتمل امدادی ٹیم پاکستان روانہ
اٹھائیس مارچ کو پاکستانی حکومت کی دعوت پر انسداد وبا کے لیے آٹھ ماہرین پر مشتمل چینی طبی امدادی ٹیم ارمچی سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔ یہ طبی امدادی ٹیم مقامی اسپتالوں اور ماہرین کے ساتھ وبا کے خلاف چین کے تجربات کا تبادلے کرے گی۔ یہ ٹیم چین میں انسداد وبا سے متعلق حاصل شدہ تجربے کو پاکستانی طبی ماہرین میں متعارف کروائے گی۔ علاوہ ازیں چینی ماہرین وبائی صورتحال کی روک تھام و کنٹرول ، مریضوں کے علاج اور لیبارٹری کے کام کے بارے میں مشاورت فراہم کریں گے۔ یہ ماہرین پاکستانی طبی عملے، وبا کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق دیگر اہلکاروں کی تربیت اور رہنمائی بھی کریں گے۔اس کے علاوہ امدادی سامان کی ایک کھیپ بھی اس امدادی ٹیم کے ساتھ روانہ کی گئی ہے۔ امدادی سامان میں دس ہزار این 95 ماسک، ایک لاکھ ڈسپوزایبل میڈیکل ماسک، پانچ ہزار طبی حفاظتی لباس کے سیٹ ، بارہ وینٹی لیٹر ز، حرکت قلب مانیٹر اور بحال کرنے والی پانچ مشینیں اور دس ہزار تشخیصی کٹس سمیت انسداد وبا سے متعلق دیگر طبی سامان اور ادویات شامل ہیں۔