وبا کی روک تھام و کنٹرول کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والی چین طبی امدادی ٹیم پاکستان سے روانہ
چین کے قومی صحت کمیشن کے زیر اہتمام سنکیانگ کے طبی عملے پر مشتمل چینی امدادی ٹیم سترہ تاریخ کو اپنا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے وطن واپسی کے لیے پاکستان سے روانہ ہو گئی ۔
یاد رہے کہ آٹھ چینی ماہرین پر مشتمل ٹیم اٹھائیس مارچ کو اسلام آباد پہنچی ۔پاکستان میں قیام کے دوران انہوں نے اسلام آباد ، لاہور ، کراچی اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں طبی اداروں ، لیبارٹریوں اور انسداد وبا کے مقامات پر چالیس سے زیادہ سیمینار اور تربیتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا ۔ انہوں نے مختلف مواقع پر پاکستانی حکومت ، فوجی اور نجی طبی اداروں نیز پاکستان میں چینی اداروں کے ساتھ وبا کی روک تھام و کنٹرول کے بارےمیں معلومات فراہم کیں اور علاج معالجے سے متعلق تجربات کا تبادلہ کیا ۔
چینی ٹیم کے سربراہ ما مینگ ہوئی نے کہا کہ پاکستان نے چینی ماہرین کی جانب سے دی گئی کافی ساری تجاویز پر عملدرآمد کیا ہے۔ چینی ٹیم کا کہنا ہے کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ انہوں نے مختصر مدت میں انسداد وبا کے حوالے سے پاکستان کی پالیسیوں میں تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ مثلاً شہروں کو لاک ڈاون کرنے کی مدت میں اضافہ،تصدیق شدہ کیسز کے ساتھ قریبی رابطے میں موجود افراد کے ٹیسٹنگ کو مضبوط بنانا اور لوگوں سے ماسک لگانے کی اپیل کرنا وغیرہ۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف حلقوں کی شخصیات کی جانب سے چینی ماہرین کے ساتھ اظہار محبت ودوستی بھی بہت متاثر کن ہے۔