چین کا بیدو ، دنیا کے لئے، شعبہ اردو کا تبصرہ
چین کے اپنے تیار کردہ بیدو نمبر تین عالمی سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم کی تکمیل اور افتتاح کی تقریب 31 جولائی کی صبح بیجنگ میں منعقد ہوئی۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ، صدر مملکت ، اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے تقریب میں شرکت کی اور بیدو نمبر تین عالمی سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم کو باضابطہ طور پرفعال کرنے کا اعلان کیا۔
بیدو سسٹم چین کی اپنی تیکنکس پر قائم کردہ عالمی سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم ہے جو پوری دنیا کےلئے موسم ، پوزیشننگ ، نیویگیشن اور اوقات کار سمیت دیگر متعلقہ خدمات فراہم کرے گا۔ اس وقت دنیا کے آدھے سے زیادہ ممالک نے بیدو سسٹم کا استعمال شروع کردیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی کی پیمائش سے لے کر فوڈ آرڈر اور آن لائن شاپنگ تک، بیدو آہستہ آہستہ انسانی معاشرے کے تمام پہلوؤں میں داخل ہوجائے گا ، اور معاشی فوائد ، صنعتی ترقی اور معاشرتی اثرات کو جنم دے گا۔
بیدو سسٹم کے چند نمایاں خصوصیات مندرج ذیل ہیں۔
پہلا ، بیدو اعلی ترین معیار کا ہے ۔ بیدو نظام تکنیکی اعتبار سے اعلی ترین معیار کا ہے اور قابل اعتماد ہے۔ امریکہ کے جی پی ایس ، روس کے گلوناس اور یورپ کے گیلیلیو کے بعد یہ دنیا کا چوتھا عالمی سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم ہے ،جس کی تمام کلیدی ٹیکنالوجی چین نے خود تشکیل دی ہے۔ تکنیکی دریافت کے روڈ میپ سے لیکر پروڈکشن ماڈل تک ، چین کے سائنسی و تحقیقاتی عملے نے چینی خصوصیات کے حامل ایک آزاد سیٹلائٹ نیویگیشن نظام کی ترقی کی راہ تلاش کی ہے ، اور ایک طاقتور ایرو اسپیس ملک کی تعمیر کے نئے سفر میں ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں ۔
دوسرا، بیدو پوری دنیا کا ہے۔ بیدو سسٹم نے کھلے تعاون کا ماڈل اپنایا ہے۔ بیدو عالمی نیٹ ورک نےامریکی جی پی ایس کی اجارہ داری کو توڑا ہے ، اور عالمی صارفین کو زیادہ سے زیادہ انتخاب فراہم کیے
ہیں۔ حالیہ برسوں میں ، بیدو سسٹم نے باہمی تعاون کا کھلا میکانزم قائم کیا ہے، اور مزکورہ بالا دوسرے نیویگیشن سسٹمز کے ساتھ ہم آہنگ تعاون کا نظام قائم کیا جس کے نتیجے میں بیدو نیویگیشن نے خدمات کی درستگی اور معیار کو بہت حد تک بہتر بنایا ہے اور عالمی باہمی روابط کو فروغ دیا ہے۔ اس وقت ، بیدو بین الاقوامی شہری ہوا بازی ، بین الاقوامی سمندری جہاز رانی ، بین الاقوامی موبائل مواصلات اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے معیارات میں داخل ہوچکا ہے ، اور انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو سیٹلائٹ آرگنائزیشن نے بھی بیدو کو عالمی سیٹلائٹ سرچ اینڈ ریسکیو سسٹم پلان میں شامل کیا ہے۔ کھلے رویے سے بیدو سسٹم دنیا کے لئے بہتر خدمات انجام دیگا۔
تیسرا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ بیدو سسٹم عالمی ترقی ، خاص طو رپر پسماندہ اور غریب ملکوں اور تمام ترقی پزیر ملکوں کے لئے مددگار اور مفید ثابت ہوگا۔ طویل مدتی تحقیق کے بعد ، بیدو نظام کے متعلقہ پرزہ جات کی لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ آسان پوزیشننگ فنکشن رکھنے والے بیدو چپ کی قیمت 10 یوآن سے بھی کم رہی ہے ، جس سے ترقی پذیر ممالک میں سیٹلائٹ نیویگیشن خدمات کو مقبول عام بنانے کی بنیاد رکھی گئی ہے . اس کے علاوہ ، چین اور "دی بیلٹ اینڈ روڈ" سے وابستہ ممالک نے مشترکہ طور پر بیدو کھلی لیبارٹریز قائم کیں ہیں اور بیدو ٹیکنالوجی کے بین الاقوامی تربیتی کورسز کے اہتمام کے ساتھ ساتھ دیگر ٹھوس اقدامات اختیار کئے گئے ہیں ۔
چین کا بیدو ، دنیا کا بیدو ، اور فرسٹ کلاس بیدو ، یہی بیدو سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم کے قیام کے پیچھے اصل ارادہ اور تصور ہے۔ بیدو سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم کی ترقی کا ماڈل خود چینیوں نے تیار کیا ہے۔ توقع ہے ہے کہ بیدو سسٹم جلد ہی عام لوگوں کی زندگی میں زیادہ بھرپور انداز میں داخل ہوگا اور پوری دنیا کے لئے زیادہ جدید اور عمدہ سہولیات اور خوشحالی لائےگا۔