پیٹر ناوارو کی بدحواسیاں فاکس نیوز پر عیاں، سی آر آئی کا تبصرہ
وائٹ ہاؤس کی تجارتی کونسل کے ڈائریکٹر پیٹر ناوارو نے حالیہ دنوں فاکس نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی عوام اپنے تمام منفی جذبات چین پر منتقل کر دیں تو امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ناورو کے ان بے ہودہ ریمارکس نے پروگرام کے میزبان اور بہت سارے ناظرین کو حیرت میں ڈال دیا ۔ ایسا لگتا ہے کہ کووڈ-19 کی وبا پر قابو پانے میں وفاقی حکومت کی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے لیے ناوارو جیسے لوگوں نےدشنام طرازی کا راستہ اختیار کیا ہے۔
فاکس نیوز کے ساتھ اس نام نہاد انٹرویو سے محض دو روز قبل امریکہ میں کووڈ-19 کے کیسو ں کی تعداد پانچ ملین سے تجاوز کر گئی تھی اور ہلاکتوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا تھا۔ وبا کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ باسٹھ ہزار آٹھ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کی بڑھتی ہوئی پریشان کن صورت حال اور قریب آتے انتخابات نے امریکی سیاستدانوں کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو صلب کر لیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ کووڈ-19 کی وبا پر قابو پانے کا واحد راستہ اتحاد ہے جبکہ امریکی سیاستدان اپنے مفادات کی خاطر تفرقہ بازی کو ہوا دینے میں مصروف ہیں۔
حالیہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ امریکی فیصلہ ساز اب بھی غلط راستے پر ہیں جس کی بھاری قیمت امریکی قوم ادا کر رہی ہے۔