وبا کے خلاف جنگ میں خدمات سرانجام دینے والے عظیم طبی اہلکاروں کو سلام ، شعبہ اردو کا تبصرہ

2020-08-19 10:24:24
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

آج انیس اگست کو چین بھر میں طبی اہلکاروں کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد صحت عامہ کے تحفظ میں طبی اہلکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔تین نومبر دو ہزار سترہ کو چین کی ریاستی کونسل نے ہر سال انیس اگست کو طبی اہلکاروں کا قومی دن منانے کی منظوری دی تھی اور رواں برس اس حوالے سے یہ تیسرا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا کے تناظر میں رواں برس اس دن کو منانے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ۔ چین میں طبی اہلکاروں نے ووہان شہر ،صوبہ حوبے اور دیگر علاقوں میں نوول کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں صف اول میں ڈٹ کر وبائی صورتحال کا مقابلہ کیا اور اُن کی کوششوں کی بدولت آج چین میں وبا پر موئثر طور پر قابو پا لیا گیا ہے ۔چینی حکومت کی جانب سے جون میں جاری کیے جانے والے وائٹ پیپر " فائٹنگ کووڈ۔19: چائنا ان ایکشن" میں وبا کے خلاف طبی اہلکاروں کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ووہان شہر ، صوبہ حوبے اور چین بھر سے تقریباً پانچ لاکھ اسی ہزار طبی اہلکاروں نے کووڈ۔19 کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات سرانجام دیں اور نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے عوام کو وبا سے بچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ان طبی اہلکاروں نے وبا کے سامنے ایک عظیم دیوار کھڑی کر دی اور اُس تاریک دور میں اپنے عمل سے قوم کو امید اور روشنی کا پیغام دیا۔ وبا کے خلاف جنگ میں دو ہزار سے زائد طبی اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے فرائض کی انجام دہی کی بہترین مثال قائم کی۔

چینی صدر شی جن پھنگ نے بھی کووڈ۔19 کے خلاف لڑنے والے طبی اہلکاروں کی خدمات کو ہمیشہ شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔ طبی اہلکاروں کے قومی دن کے موقع پر انہوں نے جہاں وبا سے نمٹنے میں طبی کارکنوں کے کردار کی پزیرائی کی وہاں اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام اور اُن کی زندگیوں کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی میں طبی اہلکاروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور طبی کارکنوں نے نوول کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں غیر معمولی اور شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے طبی اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ صحت عامہ کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے مزید اپنا کردار ادا کریں۔ جناب شی جن پھنگ نےچینی سماج کو بھی ایک واضح پیغام دیا کہ عوام طبی اہلکاروں کا خیال رکھیں اور طبی کارکنوں کے پیشہ ورانہ امور میں بھرپور معاونت فراہم کریں۔چینی صدر کووڈ۔19 سے قبل بھی متعدد مواقعوں پر ہدایات جاری کر چکے ہیں کہ ملک کی ترقیاتی حکمت عملی میں صحت عامہ کو ترجیح دی جائے اور لوگوں کی صحت کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے۔

صدر شی جن پھنگ نے چین کی وبا کے خلاف جنگ میں خود قیادت کی اور ہر موقع پر طبی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔دس مارچ کو ووہان میں طبی اہلکاروں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ " آپ سب نے حفاظی لباس اور ماسک پہنے ہیں۔ میں آپ کے چہروں کو نہیں دیکھ سکتا مگر آپ سب لوگ میرے دل کے انتہائی قریب ہو "۔ یہ الفاظ اعلیٰ رہنما کی طبی اہلکاروں سے گہری وابستگی ،احترام اور اُن کی حوصلہ افزائی کا بہترین مظہر ہیں۔اسی باعث چین نے انتہائی قلیل مدت میں وبا کو شکست دیتے ہوئے تاریخ رقم کی ہے۔


شیئر

Related stories