بین الاقوامی کاروباری اداروں کا چین پر بڑھتا ہوا اعتماد ،چین میں سازگار کاروباری ماحول اور بہترین پالیسی سازی کا عکاس ، شعبہ اردو کا تبصرہ
حالیہ عرصے میں دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں چین اور امریکہ کے درمیان "تجارتی تناو" میں اضافے کے باعث کاروباری اداروں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے مگر اس کے باوجود زیادہ تر عالمی کمپنیاں چین میں اپنے کاروبار کو توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ان میں جاپان کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی "فیوجی فلم" بھی شامل ہے جس نے واضح کیا ہے کہ وہ چین کی پرکشش اور تیزی سےترقی کرتی ہوئی منڈی سے کبھی انخلاء کا نہیں سوچے گی۔ "فیوجی فلم" ٹیکنالوجی پر مبنی ایک جدید کمپنی ہے جو عالمی سطح پر پرنٹنگ ،ایکس ریز ،بصری آلات ،ہیلتھ کیئر حتیٰ کہ کاسمیٹکس کے شعبہ جات میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے ۔ کمپنی کے چین میں سربراہ ہیرونوبو تاکےتومی نے واضح کیا کہ چین کی بڑی مارکیٹ سے انخلاء "حماقت" ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے بعد اگرچہ چین۔امریکہ تعلقات میں اتارچڑھاو کا سامنا ہے لیکن"فیوجی فلم" یہ نہیں چاہتی کہ سیاست کے باعث اُس کا کاروبار متاثر ہو ۔اُن کے خیال میں چین کی ترقی سے مستفید ہونا کمپنی کی دیرپا حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہے۔اس سے قبل جون میں جاپانی وزیر اعظم شینزوابے نے دو ارب ڈالر کا ایک پیکج متعارف کروایا تھا جس کے تحت ایسی کمپنیوں کی امداد کی جائے گی جو اپنی پیداواری سرگرمیوں کو بیرونی ممالک سے واپس جاپان منتقل کریں گی ۔لیکن کئی جاپانی کمپنیوں نے اسے ناقابل عمل اور غیر منافع بخش قرار دیا ہے۔عالمگیر سطح پر وبائی صورتحال کے باوجود چینی معیشت میں مثبت ترقی کا رحجان بھی عالمی کاروباری اداروں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔حال ہی میں چین کی وزارت تجارت نے بتایا کہ جاپانی کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد چین میں کامیابی سے اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں چین کے ترقیاتی اہداف اور پالیسیوں میں شفافیت کا نمایاں پہلو بھی ہے جو عالمی کاروباری اداروں کو ترقیاتی مواقعوں سے استفادہ کرنے کے لیے راغب کرتا ہے۔جدت کاری اور ٹیکنالوجی کا فروغ بھی بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے پرکشش ہے۔فیوجی فلم کی ہی اگر بات کی جائے تو یہ حقیقت ہے چین اس وقت فائیو جی کے شعبے میں دنیا بھر میں سرفہرست ہے اور مستقبل میں فیوجی فلم کی ترقی کا دارومدار بھی چونکہ ٹیکنالوجی پر ہے لہذا وہ چین میں فائیو جی کی تعمیر و ترقی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ فیوجی فلم 2001 میں چینی مارکیٹ میں داخل ہوئی تھی اور یہ وہ سال ہے جب چین نے عالمی تجارتی تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔گزشتہ دو دہائیوں میں فیوجی کمپنی چین کی تیزرفتار ترقی سے وسیع پیمانے پر مستفید ہوئی ہے اور اسی باعث چین میں سرمایہ کاری اور اپنے کاروبار کو مزید توسیع دینے کی خواہاں ہے۔