چین کرہ ارض کے ماحولیاتی تحفظ کا ضامن، سی آر آئی اردو کا تبصرہ
عوامی جمہوریہ چین دنیا کی ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ کثیر الجہت پسندی اور عالمگیریت کے فروغ کے لئے کوشاں رہا ہے۔ چین نے عالمی اداروں کے رہنما کردار کو مضبوط بنانے کے لئے بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں۔ امریکہ نے دنیا کے ایک بڑے ترقیاتی ملک ہونے کے باوجود خود کو پیرس موسمیاتی معاہدے سے الگ کر لیا تھا لیکن چین نے اپنی عالمی ذمہ داریوں کا راستہ ترک نہیں کیا اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ حالیہ دنوں چائنیز اکیڈمی آف سائنسز نے بیجنگ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 2019 کے بعد ،یہ دوسری بار ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ، چینی اکیڈمی آف سائنسز کی طرف سے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لیے ارتھ بگ ڈیٹا رپورٹ جاری کی گئی۔ یاد رہے کہ چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے 26 ستمبر کو غربت میں کمی اور جنوب-جنوب تعاون کے بارے میں ایک اعلیٰٖ سطحی ویڈیو کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ چینی سائنس اکیڈمی مذکورہ رپورٹ تیار کرکے مختلف ممالک کو 2030کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے نفاذ کی نگرانی اور تشخیص کے لیے مدد گار مواد فراہم کررہی ہے۔ رپورٹ میں ڈیٹا پروڈکٹس کے 24 سیٹس ، طریقہ کار کے 13ماڈل اور فیصلہ سازی کے 19 ریفرنسز کا مواد شامل ہے ۔ان میں چین کے زمینی انحطاط کی صورتِ حال اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کا جائزہ ، چین کی پائیدارشہری ترقی کی جامع تشخیص ، چین کے سمندری ماحولیاتی نظام کی تشخیص ، اور عالمی جنگلات کی مانیٹرنگ جیسے معاملات شامل ہیں۔
عوامی جمہوریہ چین میں اپنے قیام کے دوران جس تبدیلی کو اکثر لوگ محسوس کرتے ہیں وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہاں کے قدرتی ماحول میں آنے والی بہتر ی ہے۔ چین کے اکثر بڑے شہروں میں ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی آچکی ہے۔ یہاں پینے کے صاف پانی کا معیار بہت زیادہ بہتر ہو چکا ہے۔ یہاں کی ندیاں ، جھیلیں اور دریا قدرتی حیات کی محافظ بن چکی ہیں۔ چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے متعدد بار اس بات کو دہرایا ہے کہ سرسبز پہاڑ سونے کے پہاڑ اور شفاف دریا چاندی کے دریا ہیں۔ چین کی قیادت کے ان خیالات سے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے چینی عزم کا اعادہ ہو تا ہے۔ یہ چینی نظام کی خوبی ہے کہ چین ایک ترقی پذیر ملک ہونے کے باوجود سرسبز ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ چین ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اپنی عالمی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ چین اس میدان میں حاصل کردہ اپنی کامیابیاں اکثر عالمی برادری کے ساتھ شئیر کرتا ہے۔ جس کا مقصد شفاف ماحول کے حامل ہم نصیب سماج کا قیام ہے ۔ چین نے اپنے اقدامات سے یہ ثابت کیا ہےچین کرہ ارض کے ماحولیاتی تحفظ کا ضامن ہے۔