زندگی کے رنگ دنیا کے لئے امید کی کرن، سی آر آئی اردو کا تبصرہ

2020-09-30 15:35:08
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

نوول کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کے بیشترممالک میں زندگی کے پہیے کو مفلوج کر رکھا ہے۔ اگر ہم امریکہ اور بھارت ہی کو دیکھیں تو امریکہ میں وبا اب بھی پھیل رہی ہے اور بھارت میں ایک مرتبہ پھرایک ہی دن میں نوول کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد اسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

چین میں وبا پر قابو پانے کے بعد نہ صرف تعلیمی،تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں بلکہ ثقافتی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں۔ بیجنگ میں حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا رہتے ہوئے شہر نے اپنے ثقافتی رنگ پھر سے بکھیرنے شروع کردئیے ہیں۔ بیجنگ کے سینما گھر، اوپرا تھیٹرز، فوڈ اسٹریٹس، عجائب گھر، نمائش ہال اور دیگر ثقافتی مقامات پر ہمیں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نظر آتی ہے۔

خزاں کی آمد کے ساتھ ہی بیجنگ میں تیز ہوائیں چلنے لگتی ہیں۔ ہواؤں میں بڑھتی خنکی نہ صرف موسم کو خوشگوار بناتی ہے بلکہ لوگوں کو تفریحی مقامات خصوصاً پارکس میں نکلنے پر مجبور کرتی ہیں۔ اسی شاندار موسم میں بیجنگ میں آٹھویں انٹرنیشنل کائٹ فیسٹیول کا آغاز ہوا۔ اس مرتبہ پہلی بار پتنگ بازی کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل نے اپنے فارن ایکسپرٹس کو اس کائٹ فیسٹیول میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔ یہ ایک شاندار تجربہ تھا۔ بیجنگ کا شفاف نیلا آسمان مختلف رنگوں اور شکلوں کی خوبصورت پتنگوں سے سجا ہوا تھا۔ تیز ٹھنڈی ہواؤں، بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی، آسمان پر رقصاں پتنگوں اور وہاں موجود شرکاء کے چہروں پر موجود مسکراہٹ اور خوشی نے ماحول کو اور زیادہ خوشگوار بنا دیا۔

اس خوبصورت اور زندگی سے بھرپور ماحول نے نہ صرف چین کی حاصل کردہ کامیابیوں پر گواہی دی بلکہ یہ دنیا کے لئے بھی خوشی کا پیغام ثابت ہوگا۔ چین میں معمولات زندگی کی بحالی نے مایوسی کے اندھیروں میں ڈوبی دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اگر نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے تو وبا کو شکست دی جاسکتی ہے۔ آج بیجنگ کے آسمان پر بکھرے زندگی کے یہ رنگ پوری دنیا کے لئے امید کی کرن ہیں۔


شیئر

Related stories