چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان میں اورنج لائن کے آغاز پر مبارکباد
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے 26 تاریخ کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کے شہر لاہورمیں ریل ٹرانزٹ اورنج لائن منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے "ارلی ہاروسٹ" منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے "سب وے ریلوے کےدور"میں داخلے کی علامت ہے۔ جس طرح صوبہ پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ اورنج لائن منصوبہ اس وقت پورے جنوبی ایشیائی خطے میں جدید ترین اربن ریل ٹرانزٹ پروجیکٹ میں سے ایک ہے اور یہ لاہور کے شہریوں کے لئے جدید ، موثر ، ماحول دوست اور محفوظ آمدورفت کا ذریعہ بنے گا۔ یہ منصوبہ لاہور میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے بھی سازگار ہے۔ منصوبے کی تعمیر کے دوران ، مقامی سطح پر 7000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آپریشن اور بحالی کے مرحلے کے دوران تقریبا 2،000 مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
چاؤ لی جیان نے نشاندہی کی کہ اورنج لائن منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل میں ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ چین ،سی پیک کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور راہداری کو "بیلٹ اینڈ روڈ" کی اعلی معیار کی ترقی کے لئے ایک مثالی منصوبہ بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔