پروفیسر حسن عسکری نگران وزیراعلی پنجاب مقرر

2018-06-07 17:16:11
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کے الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلی پنجاب کے نام کا اعلان کردیا،پروفیسر حسن عسکری رضوی نگران وزیر اعلی پنجاب ہو ں گے،ان کا نام اپوزیشن کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا،جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب کا معاملہ 6جون کو الیکشن کمیشن ریفر ہوا تھا،آج الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جس میں باہمی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب پروفیسر حسن عسکری رضوی ہوں گے۔ انہوں نے کہا پروفیسر حسن عسکری کا شمار پاکستان کی نامور علمی شخصیات میں ہوتا ہے اور وہ ملکی اور غیر ملکی درسگاہوں میں شعبہ علم و تدریس سے منسلک ہیں، اس کے علاوہ وہ مختلف اخبارات، جرائد اور ٹی وی چینلز پر اہم موضوعات پر ایک مایہ ناز مبصر تصور کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلی بلوچستان کے نام کا اعلان بھی(آج )تک کر لیا جائے گا ۔واضح رہے کہ نگران وزیر اعلی پنجاب کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہونے پر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔نگران وزیراعلی کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چار نام الیکشن کمیشن کو بھیجے تھے، جن میں تحلیل شدہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈمرل  (ر)ذکا اللہ اور جسٹس (ر)سائر علی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام شامل تھے۔ یاد رہے پروفیسر حسن عسکری ایک نامور پروفیسر اور مستند کالم نگار ہیں۔انہوں نے 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کیا، جہاں انہیں فل برائٹ اسکالر شپ دی گئی۔پروفیسر حسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس کے پروفیسر رہ چکے ہیں اور تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں اہم تجربہ رکھتے ہیں۔وہ جنوبی ایشیا، خارجہ پالیسی  اور سیکیورٹی امور پر دسترس رکھتے ہیں۔پروفیسر حسن عسکری کئی اہم کتابوں کے مصنف ہیں۔انہوں نے پاکستان میں جمہوریت اور سیاست پر کئی کتب لکھی ہیں، ان کی اکثر تصانیف کا موضوع سول ملٹری تعلقات رہا ہے۔پروفیسر حسن عسکری اخبارات اور جرائد میں آرٹیکل بھی لکھتے رہے ہیں۔23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔


شیئر

Related stories