ہر فیصلہ میرٹ پر اور ملک کے بہترین مفاد میں کریں گے،عمران خان

2018-08-07 19:48:00
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ہر فیصلہ میرٹ پر اور ملک کے بہترین مفاد میں کریں گے۔ گزشتہ  روز  اسلام آباد میں وزیراعظم کے عہدے کیلئے پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے اپنی نامزدگی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں برطانیہ کی طرز پر وزیراعظم کیلئے وقفہ سوالات متعارف کرائیں گے جہاں وہ ہر ہفتے ارکان پارلیمنٹ کے سوالات کے جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزرا کو بھی حقیقی معنوں میں پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ بنایا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہاکہ وہ اپنے پارٹی ارکان سے کوئی ایسا مطالبہ نہیں کریں گے جو وہ خود پورا نہ کرسکتے ہوں۔انہوں نے پارلیمانی پارٹی پر زور دیا کہ وہ ملک کی دولت بچانے کیلئے کفایت شعاری کے اقدامات کریں جو لوگوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے 1970 کے بعد ایک بار پھر دو پارٹی نظام کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا ہے اور وہ پاکستان تحریک انصاف سے روایتی سیاست کی توقع نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ قوم آپ کی کارکردگی کو دیکھے گی اور اس کے مطابق ردعمل ظاہر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم روایتی سیاست کریں گے تو لوگ ہمیں معاف نہیں کریں گے ۔انہوں نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ عوام کی توقعات کو پورا کریں اور اللہ تعالی آپ کو عزت و احترام سے نوازے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ ان کیلئے قانون سازی کرے اور ہمیں یہ ذمہ داری اتحاد، روابط اور ٹیم ورک کے ذریعے پوری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آپ سے توقع کرتے ہیں کہ آپ ان کیلئے پالیسی سازی کریں۔عمران خان نے کہاکہ آج پاکستان تحریک انصاف کو اخلاقی بنیادپر ایک انتہائی کمزور حزب اختلاف کا سامنا ہے کیونکہ وہ متضاد نظریات رکھتے ہیں۔


شیئر

Related stories