چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

2018-09-08 18:34:40
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn


اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  چینی وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ ،  اسٹرٹیجک  ڈائیلاگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے، پاکستان اپنی سر زمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، ہم ساری دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، سی پیک پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ، حکومت کیلئے بھی سب سے پہلی ترجیح رہے گا، چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ، چین نے ہماری دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو ہمیشہ سراہا ،  چین میں پاکستان کی مصنوعات کو بڑھائیں گے،  پاکستان کی شنگھائی تعاون میں شمولیت میں چین کا بڑا کردار ہے،  جبکہ چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے کہا کہ ، چین پاکستان کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے، پاکستان کو در پیش مسائل کو مل کر حل کرلیںگے، چین پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا، پاکستان کے ساتھ جاری تمام منصوبے مکمل کریں گے ، چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کو بہتر بنانا ہے، دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ چین کی ترجیحات میں شامل، چین تمام ایشوز پر پاکستان کی مکمل حمایت کرتا رہے گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت سی قربانیاں دی ہیں، سی پیک چینی صدر کے ون بیلٹ ون وژن کا عکاس ہے پاک چین تجارتی حجم میں مزید اضافے کے خواہش مند ہیں، افغانستان میں امن کیلئے دونوں ممالک مل کر کام کریں گے، پاکستان نے خطے میں علاقائی تعاون بڑھانے کیلئے بہترین کام کیا ۔ ہفتہ کو چین کے وزیر خارجہ وانگ ای  دیگر اہم چینی حکام کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی جبکہ وانگ ای نے چینی وفد کی قیادت کی۔مذاکرات میں خطے کی صورتحال، سی پیک، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و ثقافتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات  کے بعد  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  اپنے چینی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  کہ   چین کے وزیرخارجہ کی آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں، وانگ ای پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، ہمیں چین کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات ہونے کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان چائنہ کے ساتھ سی پیک کے معاملے پر ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، سی پیک منصوبہ ون بیلٹ ون روڈ کا سب سے تیز رفتاری سے مکمل ہونے والا منصوبہ ہے، دونوں ممالک کی معاونت سے سی پیک کے منصوبوں پر نہایت تیزی سے کام جاری ہے، سی پیک کے تحت پبلک اور پرائیویٹ سطح پر منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں، پاکستان میں عام انتخابات کے بعد نئی حکومت وجود میں آ چکی ہے، چینی حکومت کی جانب سے نئی منتخب حکومت کو مبارکباد کے پیغام اور مل کر کام کرنے کے عزم کے پیغام کو سراہتے ہیں، چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی گئی، جس سے اچھا تار گیا، انہوں نے اپنے پیغام میں نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے عمران خان کو نومبر میں چین کی دعوت دی ہے، ہم چینی صدر اور وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہیں،چینی وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، چین اور پاکستان خطے اور بین الاقوامی سطح کے معاملات پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کریں گے، سی پیک پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے، سی پیک اس حکومت کیلئے بھی سب سے پہلی ترجیح رہے گا، ہم سی پیک میں جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کریں گے، چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اس حوالے سے تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہم دہشت گردی کی تمام کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، چین نے ہماری دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو ہمیشہ سراہا ہے، ہم دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے، ہم چین میں پاکستان کی مصنوعات کو بڑھائیں گے، بین الاقوامی فارمز پر چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر ان کے شکرگزار ہیں، پاکستان کی شنگھائی تعاون میں شمولیت میں چین کا بڑا کردار ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک  ڈائیلاگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ میکنزم بنانے پر بھی بات ہوئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک کے اندر پورے خطے کو ترقی کے مواقع فراہم  ہوں گے، عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے، پاکستان اپنی سر زمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، ہم ساری دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔


شیئر

Related stories