پاکستان کے بھارت سے تعلقات میں بہتری سے دونوں ملکوں کے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،پاکستانی وزیراعظم عمران خان

2018-09-24 17:05:43
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

لاہور (آئی این پی )پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے بھارت سے تعلقات میں بہتری سے دونوں ملکوں کے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے تاہم انہوں نے کہاکہ قوم ہرگز بھارتی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔لاہورمیں سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے حال ہی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں نظام حکومت بہتر ہو جائے تو بھاری غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آسکتی ہے۔انہوں نے سول ملازمین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔عمران خان نے سول ملازمین کو یقین دلایاکہ ان کے کام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی تاہم ان کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایک موثر نظام وضع کیاجائے گا اورلوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے وزیراعظم اور وزیراعلی کے دفاتر میں شکایات سیل قائم کئے جائیں گے۔عمران خان نے کہاکہ نیاپاکستان اس نئے فلسفے کانام ہے جو سب کے لئے انصاف اور سہولتوں پرمبنی ہے۔


شیئر

Related stories