پاکستان،متحدہ عرب امارات دوطرفہ تعلقات کوطویل مدت تذویراتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پرمتفق

2018-11-19 16:50:47
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد / ابو ظہبی (آئی این پی ) پاکستان اورمتحدہ عرب امارات نے براہ راست ،شفاف اور بروقت تعاون کی پالیسی اپناتے ہوئے اپنے دوطرفہ تعلقات کوطویل مدتی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے ابوظہبی کے صدارتی محل میں وزیراعظم عمران خان اورابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمدبن زیدالنیہان کے درمیان ایک ملاقات میں طے پایا۔دونوں رہنمائوں نے تجارتی اوراقتصادی تعلقات کے فروغ او ردونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کے خاتمے کاعزم ظاہر کیا۔وزیراعظم عمران خان اورولی عہد محمدبن زیدالنیہان نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کااجلاس بلانے کافیصلہ کیا جواگلے سال ابوظہبی میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ صدارت میں ہوگا۔انہوں نے وزرائے خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت اور زیرالتوا معاہدوںکو حتمی شکل دینے کے عزم کااعادہ کیا۔فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کااظہارکیا اور مشترکہ مشقوں، تربیت اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پراتفاق کیا۔دونوں رہنمائوں نے ہرطرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور اس کے خاتمے کے لئے ملکر کام کرنے کاعزم ظاہر کیا۔ولی عہدنے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور گرانقدر قربانیوں کو سراہا۔فریقین نے منشیات کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ جیسے منظم بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لئے تعاون مزیدمضبوط بنانے پربھی اتفاق کیا۔وزیراعظم نے شیخ محمدبن زیدالنیہان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔


شیئر

Related stories