چینی قونصل خانے پر حملہ کرنیوالے 3دہشتگرد ہلاک

2018-11-23 14:54:15
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

کراچی (آئی این پی) کر اچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا، دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا، دہشت گرد قونصل خانے کے کمپانڈ میں داخل نہیں ہوسکے،قونصل خانے کا تمام چینی عملہ بالکل محفوظ رہا،گورنر سندھ عمران اسمعیل اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے فائرنگ کے واقعے کا نو ٹس لے لیا ، انسپکٹر جنرل (آئی جی)سندھ پولیس سے فوری طور پر رپورٹ کرلی ۔ جمعہ کو کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا۔اس سے قبل ڈی آئی جی ساتھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ابتدائی حملے میں قونصلیٹ پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ دوسری جانب تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔ایس ایس پی ساتھ پیر محمد شاہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ایڈوانسڈ پارٹی جبکہ رینجرز کی نفری بھی قونصلیٹ میں داخل ہوگئی اور کلیئرنس کی کارروائی شروع کردی گئی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں' پاک چین مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے' چینی سفیر اور قونصل جنرل سے رابطے میں ہیں' کچھ عناصر پاک چین دوستی نہیں چاہتے' کچھ لوگ پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تین دہشت گردوں نے چینی قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ رینجرز اور پولیس نے حملہ ناکام بنا دیا۔ حملہ کرنے والے تین دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ تمام افراد محفوظ اور صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔ فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد قونصلیٹ میں داخل نہ ہوسکے۔


شیئر

Related stories