پاکستان کا امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات کی حمایت کیلئے عزم کا اعادہ
نیویارک (آئی این پی ) پاکستان نے اقوام متحدہ میں دنیا کے مختلف حصوں میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات کی حمایت کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر فوج نے مشکل اور خطرناک حالات میں عالمی امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان کے امن اہلکار بدستور افریقی ریاستوں میں تعینات رہیں گے، اقوام متحدہ کو امن مشنز کی فنڈنگ میں اضافہ کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کی ساکھ قیام امن کی کوششوں کی کامیابی سے جڑی ہے ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افریقہ میں امن وسلامتی کے بارے میں ایک مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے عالمی ادارے میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاکہ اقوام متحدہ کی ساکھ کامیابی سے قیام امن یقینی بنانے پرمنحصر ہے اس لیے عالمی امن اور استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے اس مشترکہ عزم کے اعلامیہ کی توثیق کی جس میں افریقہ کے زیرقیادت امن کارروائیوں کیلئے پائیدار اورلچک دار مالی معاونت فراہم کرنے کی ضرورت کی تجدید کی گئی ہے ۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ اقوام متحدہ کیلئے سب سے زیادہ فوجی بھیجنے والے ملکوں میں شامل ہونے کی حیثیت سے پاکستان کے امن اہلکار بدستور افریقی ریاستوں میں تعینات رہیں گے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے بہترین تربیت یافتہ فوجیوں نے شہریوں کا تحفظ کیا انھیں علاج معالجہ فراہم کیا اور ان کی بحالی کیلئے کام کیا ۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی فوجی دستوں نے پیشہ وارانہ خدمات انجام دی ہیں اور پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز اور قیام امن کے اعلان کی مشترکہ ذمہ داری پر دستخط کرنے والا پہلا ملک ہے،پاکستان کی بہادر فوج نے مشکل اور خطرناک حالات میں عالمی امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ساکھ قیام امن کی کوششوں کی کامیابی سے جڑی ہے جب کہ دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کو فوجی دستے بھیجنے والے ممالک کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں تجویز دی کہ اقوام متحدہ کو امن مشنز کی فنڈنگ میں اضافہ کرنا چاہیے۔