وزیر خارجہ کا افغان کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے(آج) منگل کو جنیوا میں منعقد افغان کانفرنس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، کانفرنس میں پاکستان کا اعلی سطح کا وفد شریک ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی (کل)بدھ کو کرتار پور کوریڈور سنگ بنیاد کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق افغان کانفرنس (آج) منگل کو جنیوا میں منعقد ہوگی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی تاہم اب انہوں نے کانفرنس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جگہ پاکستان کا اعلی سطح کا وفد شریک ہوگا۔ کانفرنس کا مقصد امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل کو تیز کرنا ہے جب کہ کانفرنس میں پاکستان، امریکا، روس، چین اور متعدد یورپی ممالک شریک ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 28 نومبر کو کرتار پور کوریڈور سنگ بنیاد کی تقریب میں شریک ہوں گے۔