موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ سرمایہ کاری سے پاکستان میں تیس سال سے کم عمر کے دس کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔وزیراعظم سے مائیک سینیوز کی سربراہی میں پیپسی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے مائیک سینیوز کی سربراہی میں پیپسی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کو کمپنی کے پاکستان میں کاروبار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ کمپنی آئندہ پانچ سال میں ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ وفد نے حکومت کی سرمایہ کار اور کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کر رہی ہے، حکومت کاروباری اور سرمایہ کار طبقے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔