اقتصادی رابطہ کمیٹی نے افغانستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن گندم تحفہ دینے کی منظوری دیدی
اسلام آباد، پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے افغانستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن گندم تحفہ دینے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے پی پی اے ایف کو امداد جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی نے افغانستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن گندم تحفہ دینے کی منظوری دی جس کی مالیت ایک ارب 73 کروڑ روپے ہے۔ای سی سی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے پی پی اے ایف کو امداد جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ای سی سی کی منظوری کے بعد بی آئی ایس پی کے 3 لاکھ 20 ہزار کارڈ ہولڈرز کے لیے 82.6 ملین ڈالر جاری کیے جائیں گے۔مزید براں وزیرخزانہ اسد عمر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا بلکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔واضح رہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کے باعث بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی غیر متوقع ہے۔