دنیا مان گئی کہ افغان مسئلے کاحل فوجی مہم جوئی میں نہیں، پاکستان
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کی بات کی، دنیا مان گئی ہے کہ افغان مسئلے کاحل فوجی مہم جوئی میں نہیں، امریکی صدرنے پاکستانی وزیراعظم سے امن عمل میں مدد کی درخواست کی،افغانستان میں بدامنی سے پاکستان کو بھی شدید نقصان پہنچا،مسئلہ فلسطین کامنصفانہ حل خطے کے امن کیلئے ناگزیرہے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر خطاب میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نیکہا افغانستان میں دیرپاامن کے لئے سفارتی کوششوں میں تیزی درکارہے، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کی بات کی، دنیا مان گئی ہے کہ افغان مسئلے کاحل فوجی مہم جوئی میں نہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان میں بدامنی سے پاکستان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے پاکستانی وزیراعظم سے امن عمل میں مدد کی درخواست کی، وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ کے خط کا مثبت جواب دیا، قطر میں امریکہ کی طالبان سے بات چیت خوش آئند پیشرفت ہے۔انھوں نے مسئلہ فلسطین سے متعلق کہا مسئلہ فلسطین کامنصفانہ حل خطے کے امن کیلئے ناگزیرہے، فلسطینیوں کے لئے پاکستان اپنے عزم پر مضبوطی سے قائم ہے، پاکستان سمیت155 ممالک نے مسئلے کے حل کے لئے کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔