پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش ،سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سڑکیں بند

2019-01-05 18:32:55
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد ،لاہور ،پشاور سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی بڑھ گئی، مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، سیاح بڑی تعداد میں امڈ آئے، باجوڑ میں بجلی بند،کسان بارش سے خشک سالی ختم ہونے پر خوش، پارا چنار، کالام سمیت بالائی علاقوں میں شدید برف باری،پہاڑی علاقوں بنشاہی اور شاہی وغیرہ پر شدید برف باری سے دیر پائیں تا افغانستان و دیر بالا شاہراہ بند ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی، لاہور وزیرآباد، شیخوپورہ اور سانگلہ ہل میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ پھالیہ، بھلوال، چنیوٹ مرید کے، گجرات اور گردونواح میں بارش سے خنکی بڑھ گئی۔ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، منچلے موسم انجوائے کرنے پہنچ گئے، جس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں، سکردو، ناران، شوگران میں برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، شگر میں ایک فٹ تک برف پڑی، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں بارش ہوئی اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو گیا۔ ادھر پہاڑی علاقوں بنشاہی اور شاہی وغیرہ پر شدید برف باری سے دیر پائیں تا افغانستان و دیر بالا شاہراہ پر ٹریفک بند ہو چکی ہے۔ پاراچنار میں موسم سرما کی پہلی برفباری اورکوہ سفید پر گزشتہ دنوں کی برف باری سے موسم کی شدت میں اضافہ ہو گیا تھا جبکہ اب برف نے پاراچنار شہر اورگردونواح کا رخ کر لیا، برفباری سے کرم کے زمینداروں اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی کیونکہ خشک سالی سے گندم سمیت دیگر فصلوں کو نقصان پہنچ رہا تھا۔ پاراچنار میں درجہ حرارت منفی 8اور 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔جس سے شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بازاروں میں لوگوں کی آمدورفت محدود ہوگئی ،ادھر سوات کے میدانی علاقوں میں سال کی دوسری بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہے۔ وادی کالام میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا،شدید سردی کی وجہ سے نظامِ زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ہے مینگورہ شہر سمیت میدانی علاقوں میں بھی شروع ہوئی۔


شیئر

Related stories