اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل(ر)راحیل شریف کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات
اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل(ر)راحیل شریف نے پاکسان کے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فارم ہے،اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں،پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو ،یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے،اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل(ر)راحیل شریف نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا، اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے۔منگل کو اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل(ر)راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ،ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی اور اہم بین الاقوامی امور پر بات چیت کی۔اس موقع پر اراکین سینیٹ اور اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کے اراکین بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فارم ہے ،پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصان اٹھایا ہے لیکن پاکستانی افواج ، عوام اور دیگر اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی،پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو ،یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے،دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں،اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی،ہمارے لئے باعث خوشی ہے کہ اس فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے ریٹائرڈجنرل راحیل شریف کر رہے ہیں،پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پر امن حل چاہتا ہے،امن ترقی کی ضمانت ہے ،مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں،دیرپا امن خطے سے غربت اور معاشی عدم استحکام کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل(ر)راحیل شریف نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے،پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے ،اسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔