پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں خواتین کی شمولیت کا ہدف حاصل کر لیا
اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت اورپاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو مزید موثربنانے کے لئے اپنی حمایت کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے امن مشن میں خواتین کی شمولیت کا ہدف حاصل کر لیا، 15 فیصد پاکستانی خواتین مختلف ممالک میں فوجی مبصرین اور سٹاف آفیسرز کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، اقوام متحدہ کو امن مشنز کے لئے مختص بجٹ میں کمی نہیں کرنی چاہیے، اس سے قیام امن کی کوششوں پر منفی اثر پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت اورپاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو مزید موثربنانے کے لئے اپنی حمایت کااعادہ کیاہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے نیویارک میں امن مشن کی کارروائیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اوربھارت میں اقوام متحدہ کے مبصرمشن کے میزبان ملک کی حیثیت سے پاکستان نے اس کے مینڈیٹ پرعملدرآمدکے لئے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان نے امن مشن میں خواتین کی شمولیت کا ہدف حاصل کر لیا، 15 فیصد پاکستانی خواتین مختلف ممالک میں فوجی مبصرین اور سٹاف آفیسرز کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کا یہ ہدف 18ماہ کی قلیل مدت میں حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو امن مشنز کے لئے مختص بجٹ میں کمی نہیں کرنی چاہیے، اس سے قیام امن کی کوششوں پر منفی اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے مشن کو مضبوط اور مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔