پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پراتفاق
پاکستان اورروس نے مختلف بین الاقوامی فورمزپردونوں ملکوں کے درمیان قریبی اشتراک اور تعاون کاعزم ظاہر کیاہے۔یہ عزم تذویراتی استحکام کے بارے میں پاکستان اور روس کے مشاورتی گروپ کے اسلام آباد میں ہونے والے تیرہویں اجلاس میں کیاگیا۔فریقین نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ذریعے دوطرفہ مجموعی تعلقات کومزیدفروغ دینے پربھی اتفاق کیا۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اورروس کے نائب وزیرخارجہ Sergey Ryab Kov نے اجلاس میں اپنے اپنے متعلقہ وفود کی قیادت کی۔اجلاس میںد ونوں ملکوں کے نمائندوں نے سیکیورٹی کی موجودہ علاقائی اورعالمی صورتحال اور ہتھیاروں پرپابندی ،تخفیف اسلحہ اورایٹمی عدم پھیلائوکے عالمی معاہدوں پراس کے اثرات سے متعلق معاملات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے عالمی سلامتی اورتخفیف اسلحہ کے شعبے میں کثیرملکی تعاون کی ضرورت پراتفاق کیا۔اجلاس میں خلا کوفوجی استعمال سے محفوظ رکھنے، مختلف دوطرفہ اورکثیرملکی معاہدوں کی اہمیت اور اطلاعات اورٹیلی مواصلات کے شعبوں سے متعلق مختلف معاملات زیربحث آئے۔