سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی کی ملاقات
پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے،پاک سعودی دوستی حکومتوں تک محدود نہیں ، یہ دوستی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں رچی بسی ہوئی ہے،مسلم امہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات کو پسِ پشت ڈالنا ہوگا، امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے کہا مسلمانوں کو دہشتگردی اور دیگردرپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نااتفاقی ہے۔ پیر کو امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے پارلیمنٹ ہا ئو س آمد پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں پاک سعودی عرب تعلقات اورمسلم امہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہو ئی ۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور فراخدلانہ مد د کی ہے،پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدہ،ثقافت،تاریخ اور ورثے کے امین ہیں، پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں،سپیکرقومی اسمبلی نے کہا پاک سعودی دوستی حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ یہ دوستی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں رچی بسی ہوئی ہے، پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ اسد قیصر نے کہا مسلم امہ کو بے شمار مسائل درپیش ہیں جن سے نمٹنے کے لئے ہمیں آپس کے اختلافات کو پسِ پشت ڈالنا ہوگا، مسلم ممالک کے مابین اتحاد اور قریبی رابطے وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، دہشتگر دی اور انتہا پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، حالیہ دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوا ہے۔ اس موقع پرامام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے کہا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید وسعت دینا چاہتا ہے، مسلمانوں کو دہشتگردی اور دیگردرپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نااتفاقی ہے،اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، امام کعبہ نے کہا مسلم امہ کو درپیش چیلنجزکے حل کے لیے سعودی عرب ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان اور سعودی عرب کا دکھ درداور منزل ایک ہے، پاک۔سعودی عرب تعلقات امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہیں، امام کعبہ نے کہا دہشتگردیاور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔