پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن،ایک پولیس اہلکار شہید،5 دہشتگرد ہلاک

2019-04-16 16:20:25
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی،وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کی اطلاعات تھیں جس کے پیش نظر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے گزشتہ رات انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر حیات آباد میں واقع 3 منزلہ مکان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی، آپریشن کے دوران مکان میں موجود دہشتگردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں اب تک ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ دہشت گردوں کے خلاف اس آپریشن میں پولیس کو سیکیورٹی فورسز کی مدد بھی حاصل کی گئی ۔گھر ایک ماہ قبل کرایہ پر لیا گیا تھا جس کا مالک مکان بیرون ملک ہے۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔کور کمانڈر پشاور نے افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر نہیں ہونا چاہیے، علاقہ مکینوں نے آپریشن کے لیے مکمل تعاون کیا ہے، مکینوں کی حفاظت کے لیے آپریشن میں مکمل احتیاط برتی جائے۔شاہین مظہر محمود کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اسپیشل سروسز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔۔وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ حیات آباد فیز 7 میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی،حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کی اطلاعات تھیں جس کے پیش نظر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔ پولیس موقع پر پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے کر علاقے کا محاصرہ کرلیا، اطلاعات ہیں کہ 6 سے 7 دہشت گرد گھر میں موجود تھے ۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پولیس اور فورسز کے مکان میں داخل ہونے پر دوبارہ فائرنگ کی گئی اور 3 راکٹ لانچر فائر کیے گئے جواب میں پولیس نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر بھی فائر کیا۔


شیئر

Related stories