لاہور،داتا دربار کے باہر خودکش حملہ، 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید، 24 زخمی
داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت10افراد شہید اور 24 زخمی ہوگئے، آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔ بدھ کو ایس پی پولیس لائنزکے مطابق لاہور میں داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا ، دھماکے میں 5 اہلکاروں سمیت10افراد شہید جب کہ 24زخمی ہو گئے جنہیں میواسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں ایلیٹ اہلکارشاہد، سلیم اورعام شہری رفیق شامل ہے۔جائے وقوع پرپولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی آواز دوردور تک سنی گئی ہے جب کہ گاڑی کوشدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے والی جگہ کی سیکیورٹی رینجرزنے سنبھال لی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سے بال بیرنگ ملے ہیں۔دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر ) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار کے باہر پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 5 جوانوں سمیت 8 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے۔ڈی آئی جی آپریشنز محمد اشفاق کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر فرائض انجام دے رہے تھے جنہیں 8 بجکر 45 منٹ پر نشانہ بنایا گیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ دھماکا خودکش تھا یا نہیں اس کا تعین کیا جارہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائیں گے جس کے لیے سی ٹی ڈی سمیت دیگر ادارے کام کر رہے ہیں۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر )عارف نواز خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے، حملے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام سینئر افسران فیلڈ میں جا کر حساس مقامات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی کا خود جائزہ لیں۔