پاکستان اور چین کا سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ

2019-05-27 16:49:01
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

پاکستان اور چین نے سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی وفود کے تبادلوں سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور چین کے نائب صدر وانگ کی شان کے درمیان اسلام آباد میں وفد کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سی پیک کو زراعت ، صنعتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے شعبوں تک وسعت دینے پر روشنی ڈالی۔انہوں نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی روابط صنعتی تعاون اور پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں چین کی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔چین کے نائب صدر نے سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی ترقی کے ایجنڈے کیلئے اپنے ملک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔فریقین نے جنوبی ایشیا میں ہونے والی حالیہ پیشرفت سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وانگ چھی شان نے پاکستان کی تعمیری سوچ اور ہمسائیہ ممالک کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے نئے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی پائیدار اور کامیاب کوششوں کو بھی سراہا اور اس سلسلے میں غیر متزلزل حمایت کو اعادہ کیا۔


شیئر

Related stories