وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مصر کے وزیر خارجہ سے دوطرفہ ملاقات، با ہمی دلچسپی کے امو ر پر گفتگو

2019-05-30 20:12:23
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اوآئی سی وزراخارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر مصر کے اپنے ہم منصب جناب سامع حسن شوکری سے ملاقات ہوئی۔ جمعرات کوانتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ نے مصری ہم منصب کوان کی حکومت اور صدر عبدالفتح السیسی کے دوبارہ اسی منصب پر منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کی۔ دونوں وزراخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے متعدد پہلوئوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ دو نوں اطراف نے دوطرفہ دوروں اور سیاسی سطح پر روابط کی رفتار بڑھانے پر اتفاق کیا۔ معاشی تعلقات کے حوالے سے قرار دیاگیا کہ دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم اس کی اصل مقدار سے کہیں کم ہے۔ وزرا ئے خارجہ نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تجارت اور سرمایہ کاری کوفعال خطوط پر فروغ دیاجائے۔ یہ اتفاق بھی کیاگیاکہ مشترکہ وزارتی کمشن کا اجلاس جلد ازجلد بلایاجائے۔ دونوں وزراخارجہ نے مشرق وسطی اور خطہ خلیج میں رونما ہونے والی اہم پیش ہائے رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس ضمن میں سفارتی ذرائع سے پرامن حل کی تلاش کی اہمیت پر زور دیاگیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افریقہ کے ساتھ ایک ایسے وقت پر اور بھی زیادہ روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا جب افریقی اتحاد کی قیادت مصر کے پاس ہے۔ دونوں وزراخارجہ نے قریبی رابطہ استوار رکھنے اور مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے آئندہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا۔


شیئر

Related stories