چابہار اور گوادر بندرگاہ کو آپس میں منسلک ہونا چاہیے،لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم
پاک ایران پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے ایرانی پارلیمانی گروپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پا ک ایران دو برادر اسلامی اور پڑوسی ممالک ہیں، دونوں کی تہذیب و ثقافت میں مماثلت پائی جاتی ہے، ہم مل کر چلیں، چابہار اور گوادر بندرگاہ کو آپس میں منسلک ہونا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق پاک ایران پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے ایران کی پارلیمان کے اراکین کا پارلیمنٹ ہا وس پہنچنے پر تپاک استقبال کیا۔ ایرانی پارلیمانی گروپ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کی پارلیمان میں تعاون کو مزید وسعت دینے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک ایران پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے ایرانی پارلیمانی گروپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی اور پڑوسی ممالک ہیں، جن کی تہذیب و ثقافت میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے ایران کے سفیر اور ایرانی میڈیا سے بھی مختلف امور پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسی ملک ایران پر فخر ہے، ایران کی وسیع تاریخ اور کلچر ہے، ہمیں ضرورت ہے کہ ہم مل کر چلیں، چابہار اور گوادر بندرگاہ کو آپس میں منسلک ہونا چاہیے، ایران کو ریلوے کے ذریعے پاکستان کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زیدان اور کوئٹہ کے مابین بہتر سڑک کی تعمیر ہونی چاہیے، پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیز اور ٹرانسمیشن لائن، مکران کے ذریعے فیول کی ترسیل، مقامی کرنسی یا بارٹر سسٹم کے ذریعے ہونی چاہیے۔