پاکستان کی جانب سے کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم

2019-08-18 15:44:02
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سترہ تاریخ کو اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر ہونے والی مشاورت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر کئی قرار دادیں پاس کی ہیں جو کونسل کی نظر میں اس مسئلے کی اہمیت کا اعادہ کرتی ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سولہ اگست کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے تناظر اور کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کے پیش نطر ایک غیر رسمی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کی جانب سے کشمیر کی موجودہ صورت حال کے بارے میں مرتب کی گئی رپورٹ اور اقوام متحدہ کے پاکستان اور بھارت میں کام کرنے والے فوجی مبصر گروپ کی رپورٹ پڑھ کر سنائی گئی۔

حالیہ دنوں کشمیر کی صورت حال میں بہت زیادہ تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس ماہ کی پانچ تاریخ کو بھارت نے اپنے آئین میں تبدیلی کرتے ہوئے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا تھا۔ اس آرٹیکل کی منسوخی کے ساتھ ہی بھارت کے زیرانتظام کشمیر کی حیثیت تبدیل ہوگئی اور اسے بھارت کا حصہ قرار دے دیا گیا۔ پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کی سخت مذمت اور مخالفت کی اور بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کو کم کرنے کا فیصلہ کیا اور دو طرفہ تجارت مکمل طور پر بند کردی۔


شیئر

Related stories