ابو ظہبی کے ولی عہد کی جانب سے پاکستان میں اقتصادی منصوبہ جات کے لیے دو سو ملین امریکی ڈالرز مختص
2020-01-03 14:06:34
ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں "خلیفہ فنڈ فار انٹرپرائز ڈویلپمنٹ" پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے اقتصادی منصوبہ جات کے لیے دو سو ملین امریکی ڈالرز فراہم کرے گا۔ ابو ظہبی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد کی جانب سے اپنے دورہ پاکستان کے دوران مذکورہ ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کا مقصد پاکستان میں متوازن اور مستحکم قومی معیشت کی تشکیل سے پائیدار ترقی کے عمل میں حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کرنا ہے۔یاد رہے کہ شیخ محمد بن زید النیہان جمعرات کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے جہاں اُن کی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں رہنماوں کے درمیان عالمی و علاقائی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔