پاکستان کے سیاسی اور علمی حلقوں کی جانب سے وبا کے خلاف چینی اقدامات کی تحسین
پاکستان کے سیاسی اور علمی حلقوں نے نوول کرونا وائرس کوویڈ-انیس کی وبا کی روک تھام اور چین میں پیداواری عمل کی بحالی کے لئے اختیار کئے گئے اقدامات کی تحسین کی ہے۔نامہ نگاروں کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر برائے انسداد منشیات ، شہریارخان آفریدی نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ اور چینی حکومت نے نوول کرونا وائرس نمونیا کی وبا کو روکنے کے لئے بھرپور اور موثر اقدامات اٹھائے ہیں ، اور اس وبا کو دنیا بھر میں پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت کوشش کی ہے ، جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے چین میں پیداواری عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے چین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ چینی حکومت کی قیادت میں چینی عوام اس وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے اور انہیں یقین ہے کہ چین اس سال کے لئے طے کردہ اپنے معاشی اہداف کو بھی حاصل کرلےگا۔ انہوں نے چین میں پاکستانی طلبا کی دیکھ بھال کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان کے سینئر ماہر معاشیات اور انگریزی روزنامہ پاکستان ٹوڈے اسلام آباد کے بیورو چیف ابرار حسین نے کہا کہ چین میں زندگی معمول کی طرف لوٹنا شروع ہوچکی ہے ، چین کے بیشتر صوبے اور شہر اس وقت دوبارہ پیداوار شروع کر رہے ہیں اور چین نے معمول کے مطابق کاروباری کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ یہ ایک مثبت اشارہ ہے جس سے چینی عوام کا اعتماد اور قومی معاشی نظام اور رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔