انسداد وبا میں مدد فراہم کرنے کے لئے چین کی طبی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
حکومت پاکستان کی دعوت پر ، اٹھائیس تاریخ کو ، چینی حکومت کی امدادی ٹیم پاکستان میں وبا کی روک تھام میں مدد فراہم کرنے کے لئے پہنچ گئی ہے۔ یہ ٹیم امدادی سامان کی ایک کھیپ کے ساتھ چین کے شہر ارمچی سے روانہ ہوئی۔ دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے پر پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل ٹیم بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم پاکستان میں چین کے کامیاب تجربات کا تبادلہ کرے گی۔ چین اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ ہم ٹیم بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ چنگ نے کہا کہ چین کی انسداد وبا کی ٹیم کے پاکستان آنے سے وبا پر قابو پانے اور وبا سے بچاو کے کاموں میں بہتری آئے گی۔
آئندہ دو ہفتوں میں ، چینی ماہرین دارالحکومت اسلام آباد اور وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں کراچی اور لاہور میں مقامی طبی عملے کے ساتھ انسداد وبا کے حوالے سے اپنے تجربات کا تبادلہ کریں گے، جس سےوبا پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔