پاکستانی وزیرخارجہ کی بھارتی حکومت کے"توسیع پسندانہ عزائم" پر کڑی تنقید

2020-06-18 13:15:30
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں کہا کہ بھارتی حکومت کو ہمسایہ ممالک کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیوں  کے بجائے اپنے داخلی مسائل کو زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔

ڈان نیوز سے ملی اطلاع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے چودہ تاریخ کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ  دوسرے ہمسایہ ممالک  کے بجائے بھارت کی اپنی اندرونی "خامیاں ، ناکامیاں اور فاشزم"  خود اُس کے لیے پریشانیوں اور مسائل  کا باعث بن چکی ہیں۔ انہوں نے بھارتی  حکومت کے"توسیع پسندانہ عزائم" پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ بھارت کو ملک میں غریب ، مظلوم اور نسلی اقلیتوں کودرپیش مسائل کا ادراک کرتے ہوئے اُن کی فلاح و بہبود پر توجہ دینی چاہیے۔

جیو نیوز  کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سولہ تاریخ کو  ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت نے  پاکستان کے ساتھ  "ایل او سی" پر فائربندی کی خلاف ورزیوں سمیت  نیپال کے ساتھ بھی تنازعات شروع کر رکھے ہیں۔بھارتی اقدام خطے میں  اسٹریٹجک تعلقات کی ترقی  میں رکاوٹ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت  کی خارجہ پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے اور بھارت اس وقت تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔

پاکستانی ذرائع ابلاع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فوجی اہلکاروں اور شہری آبادی پر فائرنگ معمول ہے جس کے باعث  جانی و مالی  نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ بھارت اور نیپال کے درمیان بھی تنازعات موجود ہیں۔


شیئر

Related stories