پاکستان،امریکہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر توجہ مرکوز کرنے پر متفق
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ نے اپنے دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویز کے حالیہ دورے کے دوران فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگرچہ افغانستان اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے تاہم پاکستان اور امریکہ کی توجہ بتدریج تعلقات کو دو طرفہ پہلووں پر دوبارہ استوار کرنے پر مرکوز ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان پانی کے مسئلے پر مثبت کردار ادا کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور چین کی اعلی قیادت کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے پاکستان کو چین کے لئے اپنی برآمدات دگنا کرنے میں مدد ملے گی۔